۱-تِیمُتھِیُس. Chapter 2

1 پَس مَیں سب سے پہلے یہ نصِیحت کرتا ہُوں کہ مُناجاتیں اور دُعائیں اور اِلتجائیں اور شُکرگُذارِیاں سب آدمِیوں کے لِئے کی جائیں۔
2 بادشاہوں اور سب بڑے مرتبہ والوں کے واسطے اِس لِئے کہ ہم کمال دِینداری اور سنجِیدگی سے امن و آرام کے ساتھ زِندگی گُذاریں۔
3 یہ ہمارے منّجی خُدا کے نزدِیک عُمدہ اور پسندِیدہ ہے۔
4 وہ چاہتا ہے کہ سب آدمِی نِجات پائیں اور سَچّائی کی پہچان تک پہُنچیں۔
5 کِیُونکہ خُدا ایک ہے اور خُدا اور اِنسان کی بِیچ میں درمیانی بھی ایک یعنی مسِیح یِسُوع جو اِنسان ہے۔
6 جِس نے اپنے آپ کو سب کے فِدیہ میں دِیا کہ مُناسِب وقتوں پر اِس کی گواہی دی جائے۔
7 مَیں سَچ کہتا ہُوں۔ جھُوٹ نہِیں بولتا کہ مَیں اِسی غرض سے منادی کرنے والا اور رَسُول اور غَیرقَوموں کو اِیمان اور سَچّائی کی باتیں سِکھانے والا مُقرّر ہُؤا۔
8 پَس مَیں چاہتا ہُوں کے مرد ہر جگہ بغَیر غُصّہ اور تکرار کے پاک ہاتھوں کو اُٹھا کر دُعا کِیا کریں۔
9 اِسی طرح عَورتیں حیادار لِباس سے شرم اور پرہیزگاری کے ساتھ اپنے آپ کو سنواریں نہ کہ بال گُوندھنے اور سونے اور موتیوں اور قِیمتی پوشاک سے۔
10 بلکہ نیک کاموں سے جَیسا خُدا پرستی کا اِقرار کرنے والی عَورتوں کو مُناسِب ہے۔
11 عَورت کو چُپ چاپ کمال تابعداری سے سِیکھنا چاہئے۔
12 اور مَیں اِجازت نہِیں دیتا کہ عَورت سِکھائے یا مرد پر حُکم چلائے بلکہ چُپ چاپ رہے۔
13 کِیُونکہ پہلے آدم بنایا گیا۔ اُس کے بعد حوّا۔
14 اور آدم نے فریب نہِیں کھایا بلکہ عَورت فریب کھا کر گُناہ میں پڑ گئی۔
15 لیکِن اَولاد ہونے سے نِجات پائے گی بشرطیکہ وہ اِیمان اور محبّت اور پاکیزگی میں پرہیزگاری کے ساتھ قائِم رہیں۔